ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : سلطان اسٹریٹ کی لائن سے مین روڈ کو پانی کا کنکشن دینے کے خلاف مقامی لوگوں نے دیا میونسپل صدر کومیمورنڈم

بھٹکل : سلطان اسٹریٹ کی لائن سے مین روڈ کو پانی کا کنکشن دینے کے خلاف مقامی لوگوں نے دیا میونسپل صدر کومیمورنڈم

Mon, 06 Jun 2022 19:46:01    S.O. News Service

بھٹکل،6؍ جون (ایس او نیوز) سلطان اسٹریٹ میں بسنے والے عام لوگوں کی طرف سے ٹاون میونسپل  چیف آفیسر کے نام   میونسپل صدر کے ہاتھ ایک میمورنڈم دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سلطان  اسٹریٹ میں واقع میونسپالٹی پانی سپلائی سے مین روڈ پر رہنے والوں کو پانی کا کنکشن نہ دیا جائے۔
    
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ انڈر گراونڈ ڈرینیج کی وجہ سے سلطان اسٹریٹ میں واقع گھروں کے کنویں خراب ہو چکے ہیں اور یہاں بسنے والوں کے لئے میونسپالٹی کی طرف سے سپلائی کیا جانے والا پانی ہی واحد سہارا ہے ۔ اب اس لائن سے مین روڈ والوں کو بھی کنکشن دیا جا رہا ہے جس سے یہاں پانی کا دباو بہت کم ہو رہا ہے اور آگے چل کر سلطان اسٹریٹ میں بسنے والوں کو پانی کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہونا پڑے گا ۔ اس لئے مین روڈ والوں کے لئے بالکل ہی الگ کنکشن کا انتظام کیا جائے اور سلطان اسٹریٹ والی لائن سے کنکشن دینا بند کیا جائے ۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  سلطان اسٹریٹ کے مکین مصطفیٰ عسکری نے بتایا کہ  انڈر گراونڈ ڈرینیج کی وجہ سے جس طرح غوثیہ اسٹریٹ اور اطراف کے علاقوں کے کنویں خراب ہوئے ہیں، اسی طرح   سلطان اسٹریٹ سمیت آسارکیری اور  صدیق اسٹریٹ تک کے علاقوں کے اکثر کنویں بھی خراب ہوچکے ہیں اور ان علاقوں کے لئے  میونسپالٹی  پائپ لائن کے ذریعے روانہ کیا جانے والا پانی ہی واحد سہارا ہے۔ اب اس پانی میں  بھی کٹوتی کی جائے گی  تو ظاہر بات ہے کہ   صاف پانی کو لے کر پہلے سے پریشان  عوام مزید پریشانیوں میں مبتلا ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈر گراونڈ ڈرینیج سسٹم سے تاریخی سلطانی مسجد کا کنواں بھی خراب ہوچکا ہے۔ اس موقع پر   عبدالسمیع میڈیکل،  تونسے عبدالطیف، میڈیکل  مظفر ودیگر موجود تھے۔
    
 میمورنڈم کی کاپی ڈپٹی کمشنر کاروار ، اسسٹنٹ کمشنر بھٹکل اور ٹی ایم سی صدر  بھٹکل کے علاوہ علاقہ کے کاونسلرس کے نام بھی روانہ کئے  جانے کی جانکاری دی گئی ہے۔


Share: